برطانیہ کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے داخلے کو روکنے کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کردیا گیا۔
برطانیہ نے غیر قانونی تارکین وطن کے داخلے کو روکنے کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کردیا، جس کے تحت الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ای ٹی اے) سسٹم متعارف کرایا گیا ۔ اس نئی پالیسی کے تحت ویزا سے مستثنیٰ ممالک کے مسافروں کو بھی برطانیہ میں داخل ہونے سے پہلے پری اسکریننگ کے لیے ای ٹی اے کے تحت درخواست دینا ہوگی۔
الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی سسٹم مسافروں کے پاسپورٹ سے الیکٹرانک طور پر منسلک ہوگا اور 2 سال یا پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے تک قابل عمل رہے گا۔ نئے نظام کے نفاذ سے متعدد ممالک کے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہوگا کیونکہ اس سے قبل انہیں برطانیہ میں داخلے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں تھی۔
اب امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا، سنگاپور، اسرائیل، کیریبین، یورپ اور بحرالکاہل کے مختلف ممالک کے شہریوں کو بھی برطانیہ جانے سے پہلے ای ٹی اے کے لیے درخواست دینا ہوگی۔ مسافروں کو ای ٹی اے کے لیے آن لائن یا موبائل ایپ کے ذریعے اپنا پاسپورٹ، ڈیجیٹل تازہ ترین تصویر اور 10 پاؤنڈ فیس جمع کرانا ہوگی۔