بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی )کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل صوبے میں استعمال نہیں ہو رہے ۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے ملک کے وسیع تر مفادات کی قیمت پر اقتدار پر توجہ مرکوز کرنے پر سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے قوم نے سیاسی جماعتوں کی حکمرانی کا تجربہ کیا لیکن اس کے کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی این پی نے بار بار ریاست اور اس کے اداروں کو سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ انہیں بلوچستان کو ایک صوبے کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ بی این پی کے سربراہ نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو ان کے وسائل تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔
ان کے ساتھ عزت اور وقار کا سلوک کیا جانا چاہیے۔ اختر مینگل نے سوال اٹھایا کہ ہم مطالبات کس کے سامنے رکھیں؟۔ انہوں نے کہا کہ میںنے سپریم کورٹ میں 6 نکات کے مطالبات پیش کئے تھے جن میں سے کوئی بھی آئین کے خلاف نہیں تھا۔ لیکن کسی نے ان مطالبات پر عمل نہیں کیا ۔