پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ ٹیکسٹائل کی برآمدات سے کتنے ارب ڈالر کمائے؟، رپورٹ سامنے آ گئی

پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ ٹیکسٹائل کی برآمدات سے کتنے ارب ڈالر کمائے؟، رپورٹ سامنے آ گئی

پاکستان نے مالی سال 2025۔2024 کے پہلے 8 ماہ میں ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 12.18 ارب ڈالر کمائے ہیں، جولائی تا فروری کے دوران نیٹ ویئر، ریڈی میڈ گارمنٹس اور بیڈ ویئر کے شعبوں میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ جولائی تا فروری کے دوران پاکستان میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 9.31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے، ملک کی ٹیکسٹائل برآمدات 12,183.729 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 11,145.647 ملین ڈالر تھیں۔

ادارہ برائے شماریات کے مطابق اس پیش رفت میں اہم شراکت دار مختلف ٹیکسٹائل مصنوعات تھیں جن میں سوتی کپڑوں کی برآمدات 1.48 فیصد اضافے کے ساتھ 1,278.484 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال 1,259.896 ملین ڈالر تھیں۔

اسی طرح نیٹ ویئر کی برآمدات 17.08 فیصد اضافے کے ساتھ 2,903.539 ملین ڈالر سے بڑھ کر 3,399.483 ملین ڈالر رہیں۔ ٹیکسٹائل کی دیگر مصنوعات جن میں مثبت نمو دیکھی گئی ان میں بیڈ ویئر 13.11 فیصد اضافے کے ساتھ 1,873.008 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2,118.501 ملین ڈالر اور تولیہ، جو 5.59 فیصد اضافے کے ساتھ 690.745 ملین ڈالر سے 729.337 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

خیموں، کینوس اور ترپال کی برآمدات میں بھی 18.56 فیصد اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ سال کے 77.079 ملین ڈالر کے مقابلے میں 91.381 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسی طرح ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 19.94 فیصد اضافے کے ساتھ 2,309.661 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2,770.308 ملین ڈالر ہو گئیں۔

آرٹ، ریشم اور مصنوعی ٹیکسٹائل کی برآمدات 11.29 فیصد اضافے کے ساتھ 243.361 ملین ڈالر سے بڑھ کر 270.826 ملین ڈالر اور میک اپ اشیا (تولیہ اور بیڈ ویئر کو چھوڑ کر) میں 9.73 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جو 476.920 ملین ڈالر سے 523.301 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

مزید برآں دیگر ٹیکسٹائل مواد کی برآمدات میں 2.89 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 482.500 ملین ڈالر سے بڑھ کر 496.462 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

تاہم ، کچھ ٹیکسٹائل مصنوعات کو منفی تجارتی نمو کا سامنا کرنا پڑا۔ خام کپاس کی برآمدات 98.44 فیصد کم ہو کر 55.752 ملین ڈالر اور پھر اس سے بھی کم ہو کر 8.71 ملین ڈالر رہ گئیں۔

کاٹن یارن کی برآمدات میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی جو 35.63 فیصد کمی کے ساتھ 748.307 ملین ڈالر سے کم ہوکر 481.654 ملین ڈالر رہ گئی۔ اس عرصے کے دوران کپاس کی برآمدات میں 98.08 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو 654 ملین ڈالر سے کم ہو کر 6 ملین ڈالر رہ گئیں۔ کاٹن یارن کے علاوہ دیگر دھاگے کی برآمدات میں بھی 4.58 فیصد کمی ہوئی اور یہ 24.224 ملین ڈالر سے کم ہوکر 23.115 ملین ڈالر رہ گئیں۔

سال بہ سال کی بنیاد پر فروری 2025 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات فروری 2024 کے مقابلے میں 0.44 فیصد اضافے کے ساتھ 1407.105 ملین ڈالر سے بڑھ کر 1413.262 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

تاہم ماہانہ بنیادوں پر فروری 2025 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 16.17 فیصد کمی واقع ہوئی جو جنوری 2025 میں 1,685.905 ملین ڈالر تھی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *