مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹی 30 مارچ، 2025 اتوار کی شام (29 رمضان، 1446 ہجری) کو شوال کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس منعقد کیا جائےگا۔ یہ اجلاس پاکستان میں رمضان المبارک کے اختتام اورعید الفطر کے تہوار کی تاریخ کے تعین کے لیے منعقد ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال اجلاس وزارت مذہبی امور کے دفترمیں منعقد ہوگا، جہاں مذہبی اسکالرز، محکمہ موسمیات کے ماہرین اور دیگرافراد ملک بھر سے چاند نظر آنے کی اطلاعات کا جائزہ لیں گے۔
گزشتہ ماہ پاکستان سپیس اینڈ اپرایٹموسفیرریسرچ کمیشن (سپارکو) نے سائنسی تجزیے، فلکیاتی حساب اور جدید مشاہداتی اعداد و شمار کا استعمال کرتے ہوئے اختتام رمضان اورشوال کے چاند کی پیش گوئی کی تھی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق شوال کا چاند 30 مارچ کو دکھائی دینے کا امکان ہے جس کے پیش نظرعید الفطر 31 مارچ 2025 کو منائی جائے گی لیکن حتمی فیصلہ کمیٹی کوموصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا کیونکہ پاکستان میں مذہبی اعتبار سے چاند دیکھنے کے بعد ہی عید کا تہوارمنایا جانا ضروری سمجھا جاتا ہے۔