امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے متعلق سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا ہے، بعض ممالک کے امریکا میں داخلے پر ممکنہ پابندی کی خبروں کو بھی مسترد کردیا ہے۔
جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ٹیمی بروس سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے‘۔ اگر آپ مزید تفصیلات چاہتے ہیں تو آپ وائٹ ہاؤس سے پوچھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان میں ہونے والی سیاسی پیش رفت، خاص طور پر عمران خان کے خلاف جاری قانونی کارروائیوں کے بارے میں واشنگٹن کے مؤقف کے بارے میں قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں۔
دریں اثنا ٹیمی بروس نے ان رپورٹس کو بھی مسترد کردیا جن میں کہا گیا تھا کہ امریکا ممکنہ سفری پابندیوں کا سامنا کرنے والے ممالک کی فہرست تیار کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جس فہرست کا کئی دنوں سے انتظار کیا جا رہا تھا وہ موجود نہیں ہے، امریکی حکومت صدر ٹرمپ کی ہدایت پر ویزا پالیسی کا جائزہ لے رہی ہے۔ ویزا پالیسیوں کا جائزہ لینے اور داخلے کی اہلیت کا تعین کرنے کے لیے سیکیورٹی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ایک بار جائزہ مکمل ہونے کے بعد ہم مزید تبصرہ کرنے کے قابل ہوں گے۔