محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں گرمی اور عید پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے آخر میں اسلام آباد کا درجہ حرارت تیس ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان کے آخری عشرے میں سندھ اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 35 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے گا جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا ایک سلسلہ اگلے ہفتے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا لیکن عید الفطر پر بارشوں کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔
عید الفطر پر ملک بھر میں موسم خشک اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب پولن کی سطح اپریل کے وسط تک رہے گی اور اس میں مزید اضافہ ہو گا ، پولن سے متاثرہ افراد کو عید کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔