یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہر پاکستانی پر زور دیا ہے کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر تقسیم اور منفی سوچ کو مسترد کر دے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کو اہم سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ آج کی دنیا میں پاکستان کو پیچیدہ حقائق پر گامزن ہونا چاہیے، معاشی دباؤ سے نمٹنا چاہیے اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کرتے رہے ہیں اور ان کی بہادر مسلح افواج وطن کی حفاظت کے لیے بے پناہ قربانیاں دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کامیابی کے لیے ان کے رہنما اصول ہونے چاہئیں۔
صدر مملکت نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک پاکستان کے بانیوں اور کارکنوں کی عظیم قربانیوں اور انتھک کوششوں کے بعد قائم ہوا۔ ہمیں قومی سلامتی کو مضبوط بنانے، معیشت کو بحال کرنے، زراعت کو آگے بڑھانے، توانائی کی حفاظت کو یقینی بنانے اور اپنے نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
ہمیں صحت کی دیکھ بھال اور سماجی بہبود میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے تاکہ کوئی پاکستانی پیچھے نہ رہے ۔ صدر زرداری نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی طرف سے دئیے گئے رہنما اصولوں کے تحت خارجہ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پاکستان میں پُرامن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہو گا ۔
ہم باہمی احترام اور مشترکہ خوشحالی کی بنیاد پر اپنے پڑوسیوں کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ اس کے ساتھ ہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں ثابت قدم ہیں۔ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمارے وطن کی حفاظت کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اور ہم ان کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
صدر نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کیلئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا، جو حق خود ارادیت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے، جس سے کشمیر اور فلسطین کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں ۔