کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) نے وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی اصلاحات، پیشہ ورانہ تربیت اور ماحولیاتی تحفظ متعارف کرانے کے لیے 3 الگ الگ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں تاکہ طلبا کو 21 ویں صدی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے لیس کیا جاسکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ان اقدامات کا آغاز چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور وفاقی سیکرٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین احمد وانی کی موجودگی میں اٹھایا گیا۔ پہلے معاہدے کے تحت سی ڈی اے ماڈل سکول کو جدید ترین تعلیمی ادارے میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اسکول میں آئی ٹی پارک، روبوٹکس لیب، اے آئی روم اور گوگل کلاس روم سمیت جدید سہولیات موجود ہوں گی۔
معاہدے کے مطابق نئے کلاس رومز، لائبریریوں، کھیلوں کی سہولیات اور ڈسپنسری کے ساتھ فزیکل انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا۔ ثقافتی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ایک کلچرل کمرہ بھی قائم کیا جائے گا۔ دوسرے معاہدے میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے قریب کی کمیونیٹز سے تعلق رکھنے والے 18 سے 45 سال کی عمر کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اس پروگرام کے تحت ای روزگار لیبارٹریز کے ذریعے سلائی، الیکٹریکل ورک، پلمبنگ اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں مہارت کی تربیت دی جائے گی۔ سی ڈی اے پروگرام کے شرکاء کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کرے گا۔
تیسرے معاہدے میں اسلام آباد اربن فاریسٹ انیشی ایٹو کے تحت تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شامل ہے۔ اتھارٹی پلانٹس، ضروری اوزار اور تکنیکی مہارت فراہم کرے گی جبکہ ایف ڈی ای عملدرآمد اور دیکھ بھال کی نگرانی کرے گا۔
ایک منفرد انعامی پروگرام بھی متعارف کرایا گیا ہے جہاں شجرکاری مہم میں حصہ لینے والے طلبا کو ان کی ماحولیاتی خدمات کے اعتراف میں اضافی تعلیمی کریڈٹ اور سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔
محمد علی رندھاوا نے مثبت تبدیلی لانے میں ان اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری جدید، ہنرمند اور سرسبز اسلام آباد کی تعمیر کے لیے ان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری ایک خوشحال اور پائیدار دارالحکومت کی بنیاد رکھے گی۔
پیشہ ورانہ پروگرام نوجوانوں کو روزگار کے قابل مہارتوں سے آراستہ کریں گے، جبکہ ماحولیاتی اقدامات ماحولیاتی طور پر باشعور شہریوں کی ایک نئی نسل کو فروغ دیں گے۔ وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم محی الدین احمد وانی نے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم او یوز جدید اور جامع تعلیمی نظام کے وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد طلبا کو 21 ویں صدی کے بشمول موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے۔