برطانیہ کے ایک نجی چڑیا گھر میں پیش آنے والے ہولناک واقعے نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا، جہاں ایک نامعلوم شخص مبینہ طور پر 3 سالہ بچے کو مگرمچھوں کے باڑے میں پھینک کر فرار ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ برطانیہ کے علاقے ہنٹنگڈن میں واقع جانسنز آف اولڈ ہرسٹ چڑیا گھر میں پیش آیا، جہاں بچے کو تقریباً 15 فٹ گہرے مگرمچھوں کے احاطے میں پھینکا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بچے کے باڑے میں گرنے کے بعد اہل خانہ چیخ و پکار کرنے لگے جبکہ ایک مگرمچھ نے بچے پر حملہ بھی کر دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی چڑیا گھر کی مالکن ٹریسی جانسن، ان کے شوہر اینڈریو جانسن اور بیٹے ایڈورڈ جانسن نے فوری طور پر مگرمچھوں کے احاطے میں چھلانگ لگا دی۔
تینوں افراد نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو مگرمچھ کی گرفت سے آزاد کرایا اور محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ تاہم حملے کے نتیجے میں بچے کے بازو اور کولہے کی ہڈی متاثر ہوئی۔
بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں اور ایمبولینس سروس کو طلب کیا گیا، جنہوں نے زخمی بچے کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق بچے کی حالت تشویشناک تھی، تاہم اب وہ خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے واقعے کے بعد ناروک سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ شخص کو اقدامِ قتل کے شبہے میں گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق مشتبہ شخص طبی معائنے کے بعد تفتیش کے لیے موزوں حالت میں نہیں تھا، جس کے باعث اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے اسے مزید تحقیقات کے لیے 18 ستمبر کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔
میڈیارپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مشتبہ شخص سماعت کے مسائل کا شکار ہے اور اس کے ساتھ دو نگہداشت کار بھی موجود تھے۔ بعض عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ واقعے کے وقت دونوں نگہداشت کار اپنے موبائل فون استعمال کرنے میں مصروف تھے اور مشتبہ شخص پر مناسب توجہ نہیں دے رہے تھے۔
پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے جبکہ چڑیا گھر انتظامیہ نے بچے کو بچانے میں حصہ لینے والے خاندان کی بہادری کو سراہا ہے۔