پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ونڈے میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ آخری ونڈے میچ میں پاکستان کو 43 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کر دیا ہے، نیوزی لینڈ کے 264 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 40 اوورز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کے 264 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کو اس وقت پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر بیٹر امام الحق 7 گیندوں پر صرف 1 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے، پاکستان کی پہلی وکٹ 73 کے مجموعی اسکور پر گری جب عبداللہ شفیق 33 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 97 کے مجموعی اسکور پر گری جب عثمان خان 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 108 کے مجموعی اسکور پر گری جب بابر اعظم 58 گیندوں پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ 135 کے مجموعی اسکور پر گری جب سلمان آغا 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں وکٹ 169 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان محمد رضوان 37 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 176 کے مجموعی اسکور پر گری جب فہیم اشرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ساتویں وکٹ 212 کے مجموعی اسکور پر گری جب نسیم شاہ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، آٹھویں وکٹ 212 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد وسیم صفر پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی نویں وکٹ اور آخری وکٹ 218 کے مجموعی اسکور پر گری جب طیب طاہر 33 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرزنے سب سے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جیکب ڈوفی نے 2 اور مچل بریسول، محمد عباس اور ڈرائل مچل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے مائیکل بریسویل کی قیادت میں پاکستان کے خلاف بارش سے متاثرہ میچ میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے تھے، رات بھر مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کو 42 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے میچ کا آغاز تاخیر کا شکار ہوا اور آؤٹ فیلڈ نم ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کا آغاز خراب رہا اور تیسرے اوور میں نسیم شاہ نے اوپنر نک کیلی کو آؤٹ کر دیا۔ رائس ماریو نے عمدہ اننگز کھیل کر دوسری وکٹ کے لیے ہنری نکولس کے ساتھ 78 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
ماریو نے 61 گیندوں پر 58 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جس کے بعد وہ نوجوان اسپنر سفیان مقیم کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
نکولس نے 31 رنز بنائے لیکن نیوزی لینڈ نے 18 ویں اوور تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔ اس کے بعد ڈیرل مچل اور ٹم سیفرٹ نے چوتھی وکٹ کے لیے 61 رنز کا اضافہ کیا، سیفرٹ نے 26 رنز بنائے جس کے بعد نسیم شاہ نے انہیں آؤٹ کیا۔
بریسویل نے کپتان اننگز کھیلی اور صرف 40 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 59 رنز بنائے جس میں ایک چوکا اور 6 چھکے شامل تھے۔ ان کا ساتھ بین سیئرز نے دیا جو 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور نیوزی لینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ نے 2 اور مقیم اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔