پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات مزید شدت اختیار کر گئے، مزید 2 پارٹی رہنماؤں نے علی امین گنڈاپور کو سازشی قرار دیدیا

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات مزید شدت اختیار کر گئے، مزید 2 پارٹی رہنماؤں نے علی امین گنڈاپور کو سازشی قرار دیدیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات میں مزید شدت آ گئی ہے اور 2 اور رہنماؤں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کو ’سازشی‘ قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وقت کے پی کے اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی اور ضلع مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے اعظم خان سواتی کے درمیان رسہ کشی جاری ہے جبکہ کے پی کے سابق وزیر تیمور سلیم جھگڑا کا پارٹی کی داخلی احتساب کمیٹی سے ٹکراؤ ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر اور رکن قومی اسمبلی شہرام خان ترکئی نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے حالیہ بیان کی تحقیقات کرے۔

اسد قیصر، کے پی کے سابق وزرا محمد عاطف خان اور ترکئی کو صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ نہ دینے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا تھا کہ عمران خان نے انہیں ٹکٹ نہ دینے کی ہدایت کی تھی کیونکہ وہ ’سازشی‘ تھے۔

اسد قیصر اور ترکئی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے سازشی لیبل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے،  ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے قیصر اور ترکئی نے سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ کے بیان پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا اور پارٹی قیادت سے اس دعوے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اسد قیصر نے سوشل میڈیا ایکس پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیراعلیٰ کے بیان کی تحقیقات کرائے۔ میں پارٹی کی مرکزی قیادت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے حالیہ بیان کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اس حوالے سے چیئرمین عمران خان کا بیان قوم کے سامنے لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے بیان پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں لیکن موجودہ پیچیدہ صورتحال میں ملک اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسی باتوں سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری تمام تر توجہ عمران خان اور دیگر بے گناہ قیدیوں کی رہائی پر مرکوز ہونی چاہیے۔ وہ غیر ضروری بیانات کے ذریعے پارٹی کے اندرونی معاملات کو بھڑکا کر عمران خان کی رہائی کی جدوجہد کو کمزور نہیں کرنا چاہتے۔

اسد قیصر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو اپنی تمام تر توانائیاں صوبے میں گڈ گورننس اور امن و امان کی بحالی اور عمران خان اور دیگر بے گناہ قیدیوں کی رہائی کی جدوجہد پر مرکوز کرنی چاہییں۔ اس کے علاوہ شہرام خان ترکئی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ کے بیان کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں اس طرح کے اقدامات سے پارٹی کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ پارٹی کو مضبوط بنانے اور پارٹی کے بانی کی رہائی پر توجہ دیں تو تمام سازشیں ناکام ہوجائیں گی۔ عمران خان اور پارٹی کو کمزور کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔ ایک لیڈر لوگوں کو متحد رکھتا ہے، ذاتی انا یا خواہش کے لیے  انہیں تقسیم نہیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پہلا مقصد عمران خان کی رہائی تھا۔

تاہم پارٹی کے پشاور ریجن چیپٹر کے صدر ایم این اے محمد عاطف خان نے مصالحتی لہجہ اختیار کیا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف کوئی بیان دینے سے انکار کیا۔ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میرے بیان کے حوالے سے جھوٹی خبریں گردش کر رہی ہیں، میں نے ابھی تک علی امین کو کوئی جواب نہیں دیا۔

پی ٹی آئی کے پی کے صدر ایم این اے جنید اکبر نے بھی سوشل میڈیا پوسٹ میں اسپیکر بابر سلیم سواتی اور وزیراعلیٰ گنڈاپور کے خلاف کسی بھی بیان کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں من گھڑت ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *