پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر بڑھتی ہوئی اندرونی تقسیم کو ختم کرنے کی کوشش میں پارٹی کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے خیبر پختونخوا میں متضاد دھڑوں میں مفاہمت کی کوششیں تیز کر دیں۔
پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق شوکت یوسفزئی نے حال ہی میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے جنید اکبر پر زور دیا کہ وہ موجودہ سیاسی ماحول میں پارٹی اتحاد وقت کی ضرورت ہے اوروہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے ساتھ اپنے اختلافات کو حل کریں۔
جنید اکبر نے ان کی اس تجویز کا مثبت جواب دیا اور شوکت یوسفزئی کے ساتھ اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا۔ پارٹی ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ شوکت یوسفزئی اب وزیر اعلیٰ گنڈا پور سے الگ سیشن میں ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں وہ مؤخر الذکر کو مصالحتی کردار ادا کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے جنیداکبر سے ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے جیل میں بند بانی چیئرمین کی جلد رہائی کے لئے اندرونی تنازعات کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس فیصلہ کن مرحلے میں پارٹی صفوں کے اندر اتحاد بہت ضروری ہے۔