پاک سوزوکی مہران کے 2025 میں نئے روپ میں واپسی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی اصل حقیقت سامنے آ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویز اور ویڈیوز کو مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے، ویڈیوز میں ’مہران 2025‘ کو دوبارہ ڈیزائن کیا گیا ہے جس کی واپسی اور ممکنہ قیمت 12 لاکھ سے 16 لاکھ روپے کے درمیان مقرر کی گئی ہے۔
پاک سوزوکی موٹرز نے ایک بیان میں سوزوکی مہران کو واپس لانے سے متعلق تمام افواہوں کی تردید کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبول ترین مہران کار کا نیا ورژن دوبارہ متعارف کرانے یا تیار کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔ آٹومیکر نے لوگوں کو ان جھوٹے دعوؤں کو نظر انداز کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
سوزوکی مہران پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی سستی گاڑیوں میں سے ایک ہے۔ اس کی طویل عرصے سے جاری کامیابی اور سادہ ڈیزائن کی وجہ سے اسے ’دی باس‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ کئی دہائیوں تک مقامی مارکیٹ میں دھوم مچانے والی اس کار کی مینوفیکچرنگ 2019 میں باضابطہ طور پر بند کر دی گئی تھی۔
کمپنی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مہران کی واپسی کے دعوے کرنے والی کسی بھی ویڈیو اور خبر کو مکمل طور پر نظر انداز کریں۔ جب سے اس کی بندش ہوئی ہے، کمپنی نے اس کے متبادل کے طور پر متعدد کاریں جاری کی ہیں جیسے سوزوکی آلٹو وغیرہ لیکن اس کی ری مینوفیکچرنگ کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔
بہت سے صارفین نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ وائرل کلپس پر یقین کیا اور بجٹ دوست کار کی واپسی پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ لیکن پاک سوزوکی نے واضح کیا کہ وہ ویڈیو کلپس جعلی تھے اور ان کا کمپنی کی آفیشل مارکیٹنگ یا پروڈکٹ پلان سے بھی کوئی تعلق نہیں تھا۔
فی الحال سوزوکی مہران کے مداحوں کو اسے اپنی یادوں میں ہی زندہ رکھنا ہوگا، کیونکہ آئیکون کار کو سڑکوں پر واپس لانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔