وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی توہین آمیز جعلی ویڈیوز شیئر کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقامی نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جعلی ویڈیوز بنانے والے شخص کی گرفتاری کا واقعہ گڑھا موڑ میں پیش آیا جہاں ٹبہ سلطان پور پولیس اسٹیشن نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پی ای سی اے) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت اشفاق کے نام سے ہوئی ہے جس نے ایک واٹس ایپ گروپ میں متنازع مواد پر مبنی ویڈیو شیئر کیں اور مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ کا مذاق اڑایا اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی۔
ایف آئی آر کے مطابق یہ ویڈیو نہ صرف غلط پائی گئی بلکہ اس کا مقصد ایک اعلیٰ منصب پر فائز عہدیدار کا مذاق اڑانا بھی تھا، جس پر حکام نے فوری قانونی کارروائی کی۔
ملتان اور وہاڑی کے درمیان واقع قصبہ ٹبہ سلطان پور، جسے اصل میں ایک ہندو نام کے نام پر ٹبہ سنتا پور کے نام سے جانا جاتا تھا، اب ہائی پروفائل سائبر کرائم تحقیقات کا مرکز بن گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ پی ای سی اے قوانین کے تحت ڈیجیٹل ہتک عزت کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہے ہیں تاکہ آن لائن غلط معلومات کے پھیلاؤ اور کردار کشی کو روکا جا سکے۔