پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔
چوہدری ارشد وڑائچ کی نمازِ جنازہ شام پانچ بجے کینال سٹی سمبڑیال میں ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت حلقے کی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ارشد جاوید حلقہ پی پی 52 سے رکن پنجاب اسمبلی تھے، وہ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفئیر اینڈ بیت المال پنجاب کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مرحوم کی صاحبزادی اور سابق چئیرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حنا ارشد سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور کہا کہ مرحوم کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے ارشد جاوید مرحوم کی سیاسی خدمات کو سراہا۔