پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ایڈیشن میں شریک تمام ٹیموں کے کیپٹنز نے پی ایس ایل کے آغاز پر انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے شائقین کو یقین دلایا ہے کہ انہیں اپنے ملک کے اندر ایک اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ایڈیشن 10 کی ٹرافی جو بھی اٹھائے گا، جیت پاکستان کی ہی ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 10 ویں ایڈیشن کا آغاز جمعہ کو شام 7 بجے ہوگا، تقریب میں معروف صوفی آرٹسٹ عابدہ پروین کی پرفارمنس کے ساتھ ساتھ علی ظفر کی جانب سے ثقافتی اور ینگ اسٹنرز کی پرفارمنس بھی پیش کی جائے گی۔
ابرار الحق، علی ظفر، نتاشا بیگ اور طلحہ انجم بھی پی ایس ایل 10 کا ترانہ پیش کریں گے۔ تقریب میں جشن کا آغاز کرنے کے لیے آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ملتان اسٹیڈیم میں 5، 5 میچز جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 13 میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پی ٹی وی اسپورٹس ایچ ڈی پی ایس ایل 2025 کے تمام میچز براہ راست نشر کرے گا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم
جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ تمام ٹیمیں برابر ہیں، سب کی کوشش جیتنے کی ہی ہو گی، پشاور زلمی نے بہترین کمبی نیشن بنایا ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ اپنے شائقین کو اچھی کرکٹ دکھائیں۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان
ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں شائقین کو مایوس کیا ہے، ہم کچھ عرصے سے اچھی کرکٹ نہیں کھیل پا رہے ہیں، لیکن پی ایس ایل میں ان شا اللہ شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، ہر گھر کی اپنی پسندیدہ ٹیم ہے، ایک ایسی فضا بن گئی ہے کہ ہر کوئی اپنی ٹیم کو ملتان سلطانز کو تو کوئی پشاور زلمی تو کوئی لاہور قلندر کو سپورٹ کر رہاہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ تمام ٹیموں میں بہترین کھلاڑی شامل ہیں، پی ایس ایل کی ٹرافی کوئی بھی اٹھائے گا جیت پاکستان کی ہی ہوگی کیوں کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں اور یہاں کرکٹ کا بحال ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔
اسلام آباد یونائٹڈ کے کپتان شاداب خان
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ روالپنڈی کرکٹ گراؤنڈ ہمارا ہوم گراؤنڈ ہے، شائقین کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، اسلام آباد یونائٹڈ اس مرتبہ بھی نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
لاہور قلندر کے شاہین شاہ آفریدی
لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل نے نئے پاکستان کو نئے کھلاڑی دیے ہیں، حارث رؤف اس کی بہترین مثال ہیں، پاکستان سپر لیگ ہم سب کی لیگ ہے اس لیے عوام کو اسے سپورٹ کرنا چاہیے۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ہار سے سیکھتے ہیں اور اگلا میچ جیتنے کی کوشش کرتے ہیں، ہماری جیت پاکستان میں کرکٹ کی بحالی ہے اور ہم کرکٹ کو واپس پاکستان میں لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جہاں تک کیریئر کی بات ہے تو مشین بھی کبھی کبھی خراب ہو جاتی ہے، پرفارمنس خراب بھی ہوتی ہے اور اچھی بھی ہوتی ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان حسن علی
کرچی کنگز کے کپتان حسن علی نے کہا کہ کراچی کنگز نے کمبی نیشن میں تبدیلیاں کی ہیں، کراچی کنگز ٹورنامنٹ میں اپنے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ پچھلے ہمیں اس بات کا احساس ہوا کہ ہمیں اپنی ٹیم کے لیے اچھے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا چاہیے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل ایڈیشن 10 میں اچھے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔