وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج دنیا نے امن کا تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے اور جنگ کی طویل رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق امریکا اور ایران نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ معاہدے کی تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی جبکہ پاکستان اس امن معاہدے کی تقریب کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ دنیا نے امن کا ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔ ان کے مطابق ایران اور امریکا نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔
شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستانی عوام اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ نواز شریف، آصف علی زرداری، بلال بھٹو سمیت عبدالعلیم خان اور دیگر تمام رہنماؤں کو بھی بھرپور رہنمائی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے امریکی صدر، ایرانی سپریم لیڈر اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو بھی امن عمل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے قطری امیر، سعودی ولی عہد اور ترک صدر کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عظیم دوست چین کا بھی شکر گزار ہوں، چین کی مدد سے امن عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل نے جنگ کے شعلے بجھانے کے لیے شب و روز وقف کیے اور راتوں کو جاگ جاگ کر امن کے لیے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران کئی نشیب و فراز آئے مگر عظیم سپوت فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہمت نہیں ہاری اور ان کی کوششوں سے کل جنگ بندی کا اعلان ہوا۔ شہباز شریف کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس مقصد کے لیے غیر معمولی کردار ادا کیا۔
انہوں نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کو بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار نے شب و روز محنت کر کے اپنا کردار ادا کیا اور امن کے لیے بھرپور خدمات انجام دیں۔ وزیراعظم نے ایرانی سفیر رضا امیر مقدم کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو ایوان میں موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنگ کے باعث پاکستان کی معیشت پر بے پناہ دباؤ آیا، تاہم پاکستانی عوام نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم کو ممکنہ مہنگائی سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور عالمی معاشی حالات میں بہتری کے اثرات عوام تک پہنچائے جائیں گے۔