پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 4 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کرتے ہوئے چار خوارج کوجہنم واصل کر دیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کاروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی باسط صدیق (عمر: 23 سال، ساکن ڈسٹرکٹ اٹک) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہےہیں۔
پاک فوج نے واضح کیا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔