ملک میں گرمی کی شدت میں اضافہ اور ہیٹ ویو کے پیش نظر پنجاب کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ دنوں میں شدید گرمی کی لہر کے امکانات کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں میں طلباء کو پانی کی فراہمی اور کلاس رومز میں ٹھنڈے ماحول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام تعلیمی اداروں میں صاف اور ٹھنڈا پانی فراہم کیا جائے گا تاکہ طلباء کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ اس کے علاوہ، طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہلکے، ڈھیلے کپڑے پہن کر اسکول آئیں اور گرمی سے بچنے کے لیے غیر نصابی اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں سے پرہیز کیا جائے گا۔
اسکولز میں کلاس رومز میں پنکھے اور وینٹیلیشن سسٹم کو فعال رکھا جائے گا تاکہ اندرونی ماحول معتدل رہے۔ اس کے ساتھ ہی طلباء کو دھوپ میں نہ جانے اور کور ایریاز میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔