میٹا کمپنی ایک منفرد اور جدید منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کے تحت اس کے سی ای او اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی کلون تیار کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اے آئی اوتار کمپنی کے ملازمین سے براہ راست بات چیت کرے گا،انہیں رہنمائی فراہم کرے گا اور کام کے حوالے سے فیڈ بیک دینے میں بھی مدد کرے گا۔ اس ڈیجیٹل کلون کو اس طرح تیار کیا جا رہا ہے کہ وہ مارک زکربرگ کی اصل آواز، بولنے کا انداز، لہجہ اور گفتگو کا مخصوص انداز مکمل طور پر اپنائے گا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ ملازمین کو ایسا محسوس ہو جیسے وہ براہ راست کمپنی کے بانی سے رابطے میں ہیں چاہے وہ جسمانی طور پر موجود نہ ہوں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے لیکن اگر کامیاب ہو گیا تو میٹا مستقبل میں اپنے دیگر تخلیق کاروں اور شخصیات کے بھی ایسے اے آئی اوتار بنانے کی اجازت دے سکتا ہے۔اس سے پہلے 2024 میں میٹا ایک لائیو ڈیمو کے ذریعے یہ دکھا چکی ہے کہ کس طرح اے آئی شخصیات کو مختلف پلیٹ فارمز پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ایک اور رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ مارک زکربرگ اپنے لیے ایک الگ ذاتی اے آئی اسسٹنٹ بھی تیار کر رہے ہیں جو ان کے روزمرہ کاموں میں مدد فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ ملازمین سے بات چیت کرنے والے اے آئی اوتار سے الگ ہے۔