پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ جو کہتے ہیں کوئی ڈیل ہو رہی ہے ان کی عقل چلی گئی ہے، بات چیت کیلئے عارف علوی کے جواب کا انتظار ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ آج یہاں عالیہ حمزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے آیا ہوں جنہیں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔
اعظم سواتی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اگر بات کریں گے تو صرف جمہوریت اور آئین کی حکمرانی کیلئے کریں گے، بات چیت کیلئے عارف علوی کے جواب کا انتظار کر رہا ہوں انہوں نے پچھلے ہفتے آنا تھا، اب وہ اگلے ہفتے آرہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے کہا کہ سابق صدر مملکت عارف علوی بہت بڑا انسان اور بانی کا رائٹ ہینڈ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن یہ واضح ہے کہ بات چیت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے نہیں ہونی، وہ تاریخ میں اپنا نام رقم کرچکے ہیں۔
اعظم سواتی نے مزید کہا کہ بانی سے ملاقات میں کہا تھا کہ مانسہرہ میں میرا ایک لاکھ ووٹ تھا اب ایک ووٹ بھی نہیں ہے، پارٹی کی لیڈر شپ سے کہتا ہوں اب ہماری وہ حیثیت نہیں رہی جو پہلے تھی اب صرف اور صرف بانی پی ٹی آئی اور عوام کا ساتھ ہے۔