سعودی وزارت حج و عمرہ نے حجاج کرام کے لئے تین اہم ہدایات جاری کر دیں۔
وزارتِ حج و عمرہ نے ’’حج آگاہی مرکز‘‘ کے تعاون سے حجاج کرام کے لئے سورج کی تپش اور گرمی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
وزارت نے ایک انفوگرافک کے ذریعے واضح کیا ہے کہ لُو لگنا ایک طبی ہنگامی حالت ہے جس میں فوری طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے حجاج کرام کو 3 اہم حفاظتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جن میں انہیں ضرورت کے بغیر دن کے وقت باہر نکلنے سے گریز کرنے اور سر کو ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ براہِ راست دھوپ سے بچا جا سکے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ہدایت کی گئی ہے کہ حجاج کرام براہِ راست سورج کی روشنی میں نکلنے اور بغیر چھتری کے باہر جانے خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں جب گرمی کی شدت عروج پر ہوتی ہےسے گریز کریں۔
صحت سے متعلق اعلان کردہ ہدایات پر عمل درآمد کریں تاکہ شدید گرمی اور جسمانی تھکن سے ہونے والی پیچیدگیوں سے محفوظ رہا جا سکے۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ان آسان ہدایات پر عمل درآمد کرکے حجاج اپنے آپ کو صحت سے متعلق بڑے خطرات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔