پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2024 سے مارچ 2025 کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں یہ برآمدات 13.6 ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کر گئیں، جو کہ ایک ریکارڈ سنگ میل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ نہ صرف پاکستانی معیشت کے لیے خوش آئند ہے بلکہ حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا بھی غماز ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل برآمدات کا یہ نیا ریکارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اور نجی شعبے کی مشترکہ کوششوں سے ہم نے معیشت کے لیے مثبت نتائج حاصل کیے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات میں یہ اضافہ حکومت کی معاشی حکمت عملی کی کامیابی اور درست سمت کا مظہر ہے۔ حکومت کی مسلسل محنت اور نجی شعبے کی معاونت سے ملکی معیشت کی ترقی میں تیزی آئی ہے۔
انہوں نےمزیدکہا کہ حکومت ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کے لیے مزید سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ برآمدات میں مستحکم اضافہ ممکن ہو سکے اور ملک کی معیشت میں مزید بہتری آئے۔