بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کو کانز فلم فیسٹیول کے افتتاحی روز اس وقت عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ریڈ کارپٹ پر موجود فوٹوگرافرز نےانہیں زیادہ توجہ نہ دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں عالیہ بھٹ کو ہلکے گلابی رنگ کے خوبصورت گاؤن میں ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اداکارہ نے حسبِ روایت مسکراتے ہوئے کیمروں کی جانب ہاتھ ہلایا اور مختلف انداز میں پوز بھی دیے، تاہم وہاں موجود بیشتر فوٹوگرافرز کی توجہ دیگر بین الاقوامی شخصیات پر مرکوز رہی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عالیہ بھٹ مسلسل کیمروں کی جانب دیکھتی رہیں لیکن ان کی تصاویر لینے والے فوٹوگرافرز کی تعداد بہت کم تھی، جس کے باعث سوشل میڈیا صارفین نے اس لمحے کو اداکارہ کیلئے’’شرمندگی‘‘ اور ’’نظر انداز کیے جانے‘‘ سے تعبیر کیا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بعد مختلف تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ کانز جیسے عالمی ایونٹس میں بین الاقوامی ستاروں کو زیادہ توجہ ملتی ہے، جبکہ کچھ مداحوں نے عالیہ بھٹ کی پُراعتماد باڈی لینگویج اور مسکراہٹ کی تعریف بھی کی۔
واضح رہے کہ کانز فلم فیسٹول دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلوں میں شمار ہوتا ہے جہاں ہر سال مختلف ممالک سے اداکار، فلم ساز اور فیشن شخصیات شرکت کرتی ہیں۔