پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کی اسپن بولنگ کوچ الیکس ہارٹلے نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ٹیم اب بھی پلے آف کیلئے رسائی حاصل کرسکتی ہے۔
لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں الیکس ہارٹلے نے کہا کہ ملتان سلطانز کیساتھ یہ میرا دوسرا سیزن چل رہا ہے۔ اسپن بولنگ کوچ نے کہا کہ تھوڑا دباؤ میں ضرور ہیں اس سال فتوحات کم ملی ہیں ۔
گزشتہ سیزن کے دوران ہم زیادہ میچز جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے لیکن اس وقت ہمارے لیے اچھی بات یہ ہے کہ اب بھی ہم پلے آف مرحلے میں جاسکتے ہیں، ہم سب مثبت ہیں سب کے چہروں پر مسکراہٹ ہے جو اچھی بات ہے۔
الیکس ہارٹلے کا کہنا ہے کہ مینز ٹیم کے ساتھ ویمن کوچ کی وجہ سے مجھے کوئی مسئلہ در پیش نہیں آیا، ہر کوئی کھل کر میرے ساتھ گفتگو کرتا ہے، ٹیم میں مقامی کھلاڑی بھی ہیں اوورسیز بھی، سب سے اچھے تعلقات ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں میں نے 18,17 برس کرکٹ کھیلی ہے اگرچہ یہ کوچنگ مختلف کام ہے مجھے بعض اوقات خود سے بڑوں اور زیادہ تجربہ کار لوگوں سے بات کرنا پڑتی ہے لیکن پھر ساری بات عزت دینا ہوتی ہے جو کہ ہم کرتے ہیں ۔
مجھے کوچنگ سے پیار ہے، کوچنگ میں مہارت حاصل کر رہی ہوں اور اب بھی سیکھ رہی ہوں۔الیکس ہارٹلے کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسامہ میر کو پاکستان کی قومی ٹیم میں ہونا چاہیے، گزشتہ سیزن میں اس نے بہت وکٹیں حاصل کی تھیں ۔
قومی ٹیم کی طرف سے انہیں چانس ملا مگر وہ زیادہ وکٹیں نہ لے سکے لیکن اسامہ میر نے شانداربولنگ کی انہیں تسلسل کے ساتھ بولنگ کرنے کی ضرورت ہے۔الیکس ہارٹلے نے کہا کہ وہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی معترف ہیں ۔
آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان ویمن ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا، پاکستان ویمن ٹیم 5 میچز میں ناقابل شکست رہی، میری ملتان سلطانز کی ٹریننگ کے دوران کپتان فاطمہ ثناء اور کوچ محمد وسیم کے ساتھ بات ہوئی ۔
پاکستان ویمن ٹیم بہت اچھی ہے اُمید ہے یہ ٹیم ورلڈ کپ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں اس بارملتان سلطانز کی ٹیم نےاب تک 5 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف ایک میں اس کو کامیابی ملی ہے ۔