ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی فیلد مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کی۔ ملاقات میں محسن نقوی اور قومی سلامتی کے مشیر عاصم ملک بھی موجود تھے۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا اور مذاکرات کے امکانات سے متعلق غیر یقینی صورتحال پائی جا رہی تھی۔ گزشتہ روز تک یہ چہ میگوئیاں جاری تھیں کہ آیا بات چیت ممکن ہو سکے گی یا نہیں جبکہ حالات ہر گزرتے لمحے کے ساتھ سنگینی اختیار کرتے جا رہے تھے۔
اسی تناظر میں سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اہم ٹیلی فونک رابطے کیے جن کے ذریعے ایرانی قیادت کو مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے آمادہ کیا گیا۔ سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت موجودہ صورتحال میں تناؤ کم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ عباس عراقچی گزشتہ روز مختصر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔ آج وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کا امکان ہے جس میں دوطرفہ تعاون، سرحدی امور اور علاقائی امن و استحکام پر بات چیت متوقع ہے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق حالیہ ملاقاتیں اور رابطے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اور ان سے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔