پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کے سات سالہ صاحبزادے، ارتضیٰ عباس، جو حالیہ بھارتی حملے میں شہید ہوئے، کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، نیول چیف سمیت سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنانا دشمن کی بزدلی اور متکبرانہ ذہنیت کا عکاس ہے، جو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی بھارتی رویے کو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے شدید خطرہ قرار دیا۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف نے شہید ارتضیٰ عباس کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے صبر کے لیے دعا کی۔