اسلام آباد۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت یہ بھول گیا ہے کہ پاکستان بہادروں کی قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ رات جارحیت کرکے فاش غلطی کی جس کی اسے قیمت چکانی ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے رافیل طیارے، جن پر اسے غرور تھا، اب ملبے کے ڈھیر اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں اور دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑا دشمن چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں 26 پاکستانی شہید جبکہ 46 شہری زخمی ہوئے، شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کا سات سالہ بیٹا ارتضیٰ عباس بھی شامل ہے۔ وزیراعظم نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم متحد ہیں، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ہم اپنی خودمختاری، عزت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اور جو بھی اسے چیلنج کرے گا اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور ہر سپاہی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ اس خطے میں دہشت گردی سے سب سے ذیادہ متاثرہ ملک پاکستان ہے۔ ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار قیمتی جانیں دیں۔ ہم دہشتگردی کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔