پاک فوج کی محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے بدھ کی رات ایک بار پھر پاکستان پر جارحیت کی کوشش کی جسے چوکس افواج پاکستان نے ناکام بنا دیا تاہم بھارت کی ڈرون جارحیت میں پاکستان کا ایک شہری شہید اور 4 فوجی جوان زخمی ہوئے ہیں۔
پریس بریفنگ کے دوران ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بھارتی ڈرونز پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے اور انہیں لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانوالی، چھور اور کراچی سمیت ایک درجن سے زیادہ شہروں میں مار گرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈرونز کو پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی کے ساتھ مار گرایا۔ مار گرائے گئے ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت پاکستان پر ڈرون حملوں میں ’ہاروپ ڈرون‘ ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے، واضح رہے ’ہاروپ ڈرون‘ ٹیکنالوجی اسرائیلی ساخت کے ڈرون ہیں۔
ڈی جی نے اس بات کی تصدیق کی کہ حملوں میں ایک شہری شہید اور 5 دیگر زخمی ہوئے۔ لاہور والٹن روڈ بھارتی ہاروپ ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے 4 فوجی اور سندھ کے علاقے میانو میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے یہ اشتعال انگیز اقدامات بین الاقوامی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی اور علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل پاکستان کو ڈرون بھیج رہا ہے جن کو مار گرایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کو شہری آبادی والے علاقوں میں فضائی حملے کرنے کی کوشش کی جو بھارتی جنگی جنون اور جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مسلسل ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے اقدامات کا نوٹس لے اور خبردار کیا کہ اس طرح کا رویہ علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے اور جنوبی ایشیا میں امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ڈرونز کے مسلسل استعمال اور فضائی جارحیت کی عالمی سطح پر مذمت کی جانی چاہیے۔ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ہم اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
جمعرات کی صبح لاہور میں والٹن ایئرپورٹ کے قریب گوپال نگر اور نصیر آباد کے علاقوں میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ لوگ گھبراہٹ میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور دھوئیں کے بادل دیکھ کر اطلاع دی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ والٹن ایئرپورٹ کے قریب ایک بھارتی ڈرون مار گرایا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ 5 سے 6 فٹ لمبے ڈرون کو سرحد پار سے چلایا جا رہا تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈرون سسٹم کو جام کرکے مار گرایا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ڈرون کو حساس مقامات پر جاسوسی کے لیے اڑایا گیا تھا، دھماکہ خیز مواد لے جانے والا ڈرون عمارت کے بہت قریب پہنچ گیا تھا۔ گوجرانوالہ میں پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے 2 ڈرون مار گرائے، ایک سولخان آباد میں اور دوسرا واہند کے علاقے ٹوکان میں۔
دونوں ڈرونز کو ان کے ہدف کے مقامات تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا تھا۔ مزید فرانزک جانچ کے لیے مقامی سیکورٹی ایجنسیوں نے ملبے کو قبضے میں لے لیا ہے۔
گھوٹکی ڈرون حملے میں شہری جاں بحق
بھارتی ڈرونز جارحیت کا سب سے شدید واقعہ گھوٹکی کے سرحدی علاقے خنجو میں پیش آیا جہاں گزشتہ رات دیر گئے ایک ڈرون گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والا شخص جائے حادثہ کے قریب تھا جب ڈرون گرا اور زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے تحقیقات کے لیے ملبے کو محفوظ کرلیا ہے۔ اس واقعے نے سرحد پر دھماکہ خیز مواد سے لدے ڈرونز کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عمرکوٹ
پاکستان کی دفاعی فورسز نے عمر کوٹ میں چھور کینٹ سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع صوفی اکبر گاؤں کے قریب ایک بھارتی ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا ہے
پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون مبینہ طور پر حساس علاقوں کو نشانہ بنانے کے لیے مشن پر تھا۔ پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) نے ڈرون کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے سے پہلے ہی روک لیا اور اسے ناکارہ بنا دیا۔ ملبے کو مزید تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
شیخوپورہ
شیخوپورہ میں پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے ایک اور بھارتی ڈرون کو بہامن گاؤں کے قریب مار گرایا۔ ڈرون رہائشی علاقوں سے دور ایک کھلے میدان میں گر کر تباہ ہوا جس سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکا۔ پولیس اور انٹیلی جنس حکام نے تحقیقات کے لیے ملبہ اکٹھا کر لیا ہے۔
کراچی
کراچی میں ملیر شرافی گوٹھ کے قریب ایک ڈرون کو مبینہ طور پر پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے تباہ کر دیا۔ ڈرون ایک رہائشی مکان پر گر کر تباہ ہوا جس سے املاک کو نقصان پہنچا تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔