تھائی لینڈ کے معروف برانڈ Royal GPX نے پاکستان میں اپنی بائیکس لانچ کر دیں

تھائی لینڈ کے معروف برانڈ Royal GPX نے پاکستان میں اپنی بائیکس لانچ کر دیں

تھائی لینڈ کے معروف موٹر سائیکل برانڈ جی پی ایکس نے پاکستان کی موٹر سائیکل مارکیٹ میں باقاعدہ قدم رکھ دیا ہے اور کمپنی نے اپنی نئی موٹر سائیکلیں “رائل جی پی ایکس” کے نام سے متعارف کرانا شروع کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کمپنی نے پاکستانی مارکیٹ کے لیے لیبرے سیریز کے دو ماڈلز پیش کیے ہیں جن میں رائل جی پی ایکس لیبرے 125 اور رائل جی پی ایکس لیبرے 150 شامل ہیں۔

یہ دونوں موٹر سائیکلز روزمرہ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے تیار کی گئی ہیں، تاہم ان میں جدید ڈیزائن، بہتر فیچرز اور اسپورٹی لُک بھی شامل کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے رائل جی پی ایکس لیبرے 125 کی قیمت 3 لاکھ 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ زیادہ طاقتور ماڈل رائل جی پی ایکس لیبرے 150 کی قیمت 3 لاکھ 75 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

لیبرے 125 میں 123 سی سی ایئر کولڈ انجن دیا گیا ہے جو 7.78 ہارس پاور اور 9 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس ماڈل میں 6 اسپیڈ گیئر سسٹم، کاربوریٹر فیول سسٹم اور 17 لیٹر فیول ٹینک شامل ہے۔ بریکنگ سسٹم میں فرنٹ پر ڈسک بریک جبکہ رئیر پر ڈرم بریک دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس موٹر سائیکل کا وزن 120 کلوگرام ہے اور یہ اوسطاً 43 کلومیٹر فی لیٹر فیول ایوریج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا معاہدے کی میزبانی جمعہ کو جنیوا میں پاکستان کرے گا , وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو خوشخبری سنا دی

دوسری جانب لیبرے 150 کو نسبتاً زیادہ طاقتور انجن کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جس میں 149 سی سی ایئر کولڈ انجن شامل ہے، جو 12 ہارس پاور اور 11 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتا ہے۔

اس ماڈل میں بھی 6 اسپیڈ گیئر سسٹم موجود ہے، تاہم اس کا فیول سسٹم جدید الیکٹرانک فیول انجکشن ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ اس میں بھی 17 لیٹر فیول ٹینک، فرنٹ ڈسک بریک اور رئیر ڈرم بریک شامل ہیں جبکہ اس کا وزن 125 کلوگرام ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ لیبرے 150 ماڈل 38 کلومیٹر فی لیٹر تک فیول ایوریج دے سکتا ہے۔

دونوں ماڈلز اس وقت لانچ کیے گئے ہیں جب پاکستان میں 125 سی سی اور 150 سی سی موٹر سائیکل کیٹیگری میں پہلے ہی سخت مقابلہ موجود ہے اور جاپانی برانڈز طویل عرصے سے صارفین کی پہلی ترجیح سمجھے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کی ایران امریکہ امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کی تعریف

نئے ماڈلز میں ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس، ڈیجیٹل اسپیڈو میٹر، سیلف اسٹارٹ اور 6 اسپیڈ گیئر ٹرانسمیشن جیسے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ موٹر سائیکلز نوجوان رائیڈرز اور روزانہ سفر کرنے والے صارفین دونوں کے لیے موزوں ہیں، جبکہ صارفین اضافی رقم ادا کر کے ٹائپ سی چارجنگ پورٹ، اینٹی تھیفٹ الارم اور آف روڈ ٹائرز بھی لگوا سکیں گے۔

Related Articles