آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کردیا۔
بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص لانچ کیا جو کامیابی سے ہمکنار ہوا اور اس میں دشمن کا دفاعی نظام تباہ ہو گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یوم معرکہ حق ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے 16 مئی کو افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور اللہ کے حضور سجدہ شکر ادا کرنے کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمعہ کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے، اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر کریں گے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں کریں گے۔