ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو الرٹ ، درجہ حرارت 4 سے 7 ڈگری تک بڑھنے کا خدشہ

ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو الرٹ ، درجہ حرارت 4 سے 7 ڈگری تک بڑھنے کا خدشہ

ملک میں رواں سال کی پہلی ہیٹ ویو ، محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ آج سے ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ بڑھ جائے گا اور یہ صورتحال 3 سے 4 دن برقرار رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق 15 سے 20 مئی کے دوران ملک کے بیشتر حصوں پر ایک بلند دباؤ والا موسمی نظام چھا جانے کا امکان ہے، اس کے نتیجے میں سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان سمیت جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

ادھر وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 15 سے 19 مئی کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 19 مئی کی شام یا رات کو ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا نظام داخل ہونے کا امکان ہے، اس کے زیرِ اثر 19 اور 20 مئی کو آزاد کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان ، انڈیکس ایک لاکھ 19 ہزار پوائنٹس کی حد پر بحال

محکمہ موسمیات نے عوام خصوصاً بچوں، بزرگ شہریوں اور خواتین سے ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے، ان تدابیر میں براہِ راست دھوپ سے بچنا اور جسم کو مناسب حد تک پانی کی فراہمی یقینی بنانا شامل ہے، کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں تبدیلی کریں اور مویشیوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کریں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برف کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں تاکہ شدید گرمی کے ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔

پنجاب میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے اور صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل طور پر چوکنا رہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے اسکول ایجوکیشن، صحت، ٹرانسپورٹ، مقامی حکومت اور ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ محکموں کو فوری طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے، جن میں عوامی مقامات پر صاف پینے کے پانی کی فراہمی، ہسپتالوں اور موبائل یونٹس میں فرسٹ ایڈ کی مکمل تیاری شامل ہے۔

شہریوں کے لیے جاری کردہ احتیاطی تدابیر میں کہا گیا ہے کہ بچوں، بزرگوں اور باہر کام کرنے والوں کا خاص خیال رکھیں، دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور باہر جاتے وقت سر کو ڈھانپیں۔

پی ڈی ایم اے نے تمام شعبوں میں پانی کے محتاط استعمال پر زور دیا ہے اور شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو سے متعلق مزید معلومات اور اپڈیٹس کے لیے باخبر رہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *