پاک فضائیہ نے 5 نہیں بلکہ 6 بھارتی جہاز گرائے ہیں، وزیراعظم

پاک فضائیہ نے 5 نہیں بلکہ 6 بھارتی جہاز گرائے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو معرکۂ حق میں عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر سپوتوں نے نہ صرف دشمن کے دانت کھٹے کیے بلکہ اُس کے غرور اور گھمنڈ کو بھی خاک میں ملا دیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت کے ہمراہ کامرہ ایئر بیس کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرائے دفاع، منصوبہ بندی اور اطلاعات بھی موجود تھے، جبکہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام بھی اس موقع پر شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے محاذ پر موجود پاک فضائیہ کے پائلٹس، انجینئرز اور ٹیکنیکل عملے سے ملاقات کی اور ان کے جذبۂ حب الوطنی، پیشہ ورانہ معیار اور قومی دفاع کے لیے ان کی ثابت قدمی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بلااشتعال جارحیت کے تناظر میں مسلح افواج نے نہ صرف مثالی تحمل کا مظاہرہ کیا بلکہ دور اندیشی، حکمت عملی اور آپریشنل مہارت کے ذریعے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کا فوری اور مؤثر ردعمل نہ صرف خطرے کو ٹالنے میں کامیاب رہا بلکہ دشمن کے عسکری ڈھانچے کو فیصلہ کن ضرب بھی پہنچائی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 6 سے 10 مئی کے دوران پاک فضائیہ نے جس جرأت، مہارت اور قومی جذبے کا مظاہرہ کیا، اُس نے پوری دنیا کو واضح پیغام دے دیا کہ پاکستان کی فضائی سرحدیں ناقابلِ تسخیر ہیں۔

شہباز شریف نے اس بات کا انکشاف بھی کیا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا بلکہ دشمن کے پانچ نہیں، بلکہ چھ جنگی طیارے تباہ کیے۔ ان کے بقول، “پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنے عمل سے دنیا کو حیران کر دیا۔”

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی بوکھلاہٹ، پاکستان کی کرپٹو انقلاب سے لرز اٹھا! وزیراعظم اور آرمی چیف کی نور خان بیس پر اہم ترین ملاقات کی تصاویر منظر عام پر آگئیں

وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ مختصر مگر فیصلہ کن جنگ تھی جس میں پاکستانی جانبازوں نے ثابت کر دیا کہ قوم کی حفاظت کے لیے وہ ہر حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے جذبے، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فتح صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ ایک قومی وقار کی علامت ہے، جس نے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رافیل طیارے کا گرنا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو قیامت تک یاد رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بھرپور، فوری اور مؤثر جواب نے خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کر دیا ہے، اور اب دنیا کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت پر کوئی شک باقی نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں؛ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقت ہیں سنگین کشیدگی تباہی کا باعث ہو گی، ڈی جی آئی ایس پی آر کا انتباہ

شہباز شریف نے آرمی چیف، ایئر چیف اور نیول چیف کو کامیاب حکمت عملی اور قیادت پر خصوصی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ائیر چیف کے کردار کو سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔

انہوں نے دشمن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں بھارت نے کئی ارب ڈالر کا اسلحہ خریدا، لیکن پھر بھی میدان میں شکست کھا گیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *