جی ایچ کیو حملہ کیسز کی سماعت 118 روز بعد آج دوبارہ شروع ہوگی

جی ایچ کیو حملہ کیسز کی سماعت 118 روز بعد آج دوبارہ شروع ہوگی

9 مئی اور جی ایچ کیو پر حملے سمیت 13 سنگین مقدمات کی سماعت آج 118 دن کے طویل وقفے کے بعد دوبارہ اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ ان مقدمات کی سماعت کریں گے، جب کہ جیل کے اندر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق آج صبح 8 بجے کچہری عدالت میں ابتدائی سماعت متوقع ہے، جس کے بعد دوپہر میں اڈیالہ جیل کے اندر جیل ٹرائل کا آغاز کیا جائے گا۔ عدالت نے تمام وکلاء، ملزمان اور گواہوں کو جیل میں پیش ہونے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

جی ایچ کیو حملہ کیس میں آج دو سرکاری گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ اس مقدمے میں گیٹ نمبر 4، آرمی میوزیم اور میٹرو اسٹیشن سمیت کئی حساس عمارتوں کو نذر آتش کرنے کے الزامات شامل ہیں۔ پراسیکیوٹر کے مطابق بعض کیسز میں آج فرد جرم عائد کی جائے گی، جبکہ باقی مقدمات میں چالان کی نقول تقسیم ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کے 2 ملزمان کے اشتہارات جاری

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے طلب کرنے کے نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ غیر حاضر گواہ مجسٹریٹ مجتبیٰ الحسن اور تفتیشی افسر سب انسپکٹر ریاض کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

آج مجموعی طور پر 1290 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جن میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین، شیخ رشید، عمر ایوب، شبلی فراز اور شیریں مزاری شامل ہیں۔ جیل ٹرائل اس سے قبل آخری مرتبہ 25 فروری کو ہوا تھا۔

وکیل صفائی فیصل ملک ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری گواہان پیش نہ ہوئے تو جیل ٹرائل ممکن نہیں ہوگا۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں کل 119 گواہوں کی فہرست موجود ہے جن میں سے اب تک صرف 25 کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس، عمران خان کی بریت کی درخواست مسترد

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *