یومِ تکبیر پاکستان کی ناقابلِ تسخیر دفاعی صلاحیت اور قومی خودمختاری کی علامت ہے، صدرِ مملکت

یومِ تکبیر پاکستان کی ناقابلِ تسخیر دفاعی صلاحیت اور قومی خودمختاری کی علامت ہے، صدرِ مملکت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ28 مئی 1998 پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا سنہری دن ہے جس نے ملک کو دفاعی میدان میں ناقابلِ تسخیر حیثیت عطا کی اور قومی خودمختاری کو نئی مضبوطی دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن اس بات کی یاد دہانی ہے کہ پاکستان نے اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے ہر طرح کے دباؤ اور مشکلات کے باوجود ایک واضح اور مضبوط فیصلہ کیا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام قومی سلامتی کے ناگزیر تقاضوں کے تحت شروع کیا گیا تھا اور اس کی تکمیل میں ملک کے نامور سائنسدانوں، انجینئروں اور مسلح افواج نے بے مثال کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں :یوم تکبیر: پاکستان کی جانب سے نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے عزم کا اعادہ

انہوں نے اس موقع پر پوری قوم کی جانب سے ان تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اس عظیم مقصد کو حقیقت بنانے میں محنت اور قربانیاں دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر دباؤ، سیاسی مشکلات اور اقتصادی پابندیوں کے باوجود پاکستان نے اپنے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور اپنی آزادیِ فیصلہ سازی کو برقرار رکھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی پالیسی ہمیشہ خطے میں امن، توازن اور استحکام کے فروغ پر مبنی رہی ہے اور ملک کسی بھی جارحانہ عزائم کا حامل نہیں۔

صدرِ مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید دور کی جنگی حکمت عملیاں تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں اور آئندہ زمانے میں معلوماتی ٹیکنالوجی پر مبنی جنگ، خودکار نظام اور بغیر پائلٹ فضائی نظام نمایاں کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :آپریشن غضب للحق سے تمام فتنے ختم کریں گے،پاکستان کا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے یوم تکبیر پر وزیر اعظم کا دوٹوک اعلان

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار، امن پسند اور مضبوط دفاعی صلاحیت رکھنے والی ریاست ہے اور اگر کسی بھی جانب سے جارحیت کی کوشش کی گئی تو اس کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

editor

Related Articles