پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے 13 افراد جاں بحق جبکہ 92 زخمی ہو گئے

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے 13 افراد جاں بحق جبکہ 92 زخمی ہو گئے

پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں نے تباہی مچا دی، بارش سے متعلقہ واقعات میں 13 افراد جاں بحق اور 92 زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ اپر مال، لکشمی چوک، مغل پورہ، تاج پورہ، اور چوک ناخودہ جیسے علاقوں میں تقریباً 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

جیل روڈ، ایئرپورٹ، گلبرگ اور نشتر ٹاؤن سے ہلکی بارش ہوئی جبکہ پانی والا تالاب، فرخ آباد، گلشن راوی، اقبال ٹاؤن، سمن آباد اور جوہر ٹاؤن جیسے علاقوں میں موسلادھار بارش سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

تیز ہواؤں اور بارش سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ لاہور کے کئی علاقوں میں بلیک آؤٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی اور احتیاطی تدابیر کے طور پر سٹیشنز کو خالی کرا لیا گیا۔

رائے ونڈ روڈ پر بھوبٹیاں چوک کے قریب تیز آندھی کے باعث دیوار گرنے سے دو افراد 25 سالہ عثمان اور 20 سالہ حسنین زخمی ہوگئے۔ جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ادھر اٹک میں طوفان کے باعث کچے مکان کی چھت اور دیوار گرنے سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔

گوجرانوالہ میں دیواریں اور سائن بورڈ گرنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔جہلم میں بارش کے باعث حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کئی سولر پینلز اور ہورڈنگز گرنے کی اطلاع ہے جس سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

دریں اثنا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے ہفتہ کو پنجاب کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کے بعد ہائی الرٹ جاری کیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

عوام کو بھی احتیاط برتنے اور بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں اور خستہ حال ڈھانچوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے زور دیا کہ لوگ ایسی صورتحال میں محفوظ مقامات پر پناہ لیں اور بارش کے دوران باہر جانے سے گریز کریں۔

اس سے قبل لاہور میں شدید گردو غبار اور آندھی کے ساتھ گہرے بادلوں نے آسمان کو ڈھک لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی حکام کو بارش کے موسم میں الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ ادھر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا۔

کراچی سے لاہور جانے والی پرواز (فلائٹ 842 )کو موسم کی خرابی کے باعث واپس کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ کنٹرول ٹاور نے طوفان کی شدت اور رن وے لینڈنگ کے لیے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے طیارے کو واپس لوٹنے کی ہدایت کی۔

اسی طرح پی آئی اے کی ایک پرواز (6385 )جو اصل میں اسلام آباد کی طرف جارہی تھی، خراب موسم کی وجہ سے موڑ دی گئی۔حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی ایئر لائنز سے فلائٹ کی تازہ ترین صورتحال کی جانچ کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *