پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے کی کاوشیں جاری ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف اس حوالے سے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل پاک- بھارت کشیدگی کے باعث مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہو گیا تھا، تاہم اب اسے دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے حال ہی میں رات گئے اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، جس میں مذاکرات سے متعلق اہم مشاورت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے حکومت سے رابطے کے سلسلے میں بیرسٹر سیف کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے تصدیق کی کہ اس وقت حکومت سے باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم عمران خان کی رہائی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ یاد رہے کہ بیرسٹر سیف نے دو روز قبل بھی اڈیالہ جیل میں بانی پارٹی عمران خان سے اہم ملاقات کی تھی۔