کراچی سے لاہور آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی ، شہر قائد سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ایک بڑے حادثے سے اس وقت بال بال بچ گئی جب جہاز لاہور ایئرپورٹ پر طوفانی موسم کی زد میں آ گیا۔
طیارہ جیسے ہی رن وے پر ٹچ ڈاؤن کرنے لگا، تیز ہواؤں اور آندھی کی شدت کے باعث کپتان نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے دوبارہ ٹیک آف کر لیا۔ پرواز کئی منٹ تک طوفان کی لپیٹ میں رہی، جس کے دوران مسافروں کو شدید جھٹکے محسوس ہوئے۔
جہاز میں سوار مسافروں میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر بھی شامل تھے۔ انہوں نے واقعے کے بعد بتایا کہ وہ پہلی بار اتنی خطرناک صورتحال سے گزرے ہیں اور انہوں نے پائلٹ کی بروقت مہارت اور پیشہ ورانہ رویے کو سراہا۔
مسافروں نے دورانِ پرواز کلمہ طیبہ کا ورد کیا اور جہاز میں چیخ و پکار کی کیفیت طاری رہی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے صورتحال کے پیش نظر طیارے کو واپس کراچی روانہ کر دیا۔ بعد ازاں موسم بہتر ہونے پر پرواز کو دوبارہ لاہور روانہ کیا گیا، تاہم اس واقعے کے باعث 57 مسافروں نے دوبارہ سفر کرنے سے انکار کر دیا۔
ان کے سامان کی واپسی اور سکیورٹی چیکنگ کے باعث پرواز میں تاخیر ہوئی۔یہ واقعہ اس امر کی یاد دہانی ہے کہ موسمی حالات میں فضائی سفر کس قدر حساس ہو سکتا ہے۔ ایئرلائن اور پائلٹ کی بروقت حکمتِ عملی کی بدولت ایک ممکنہ سانحہ ٹل گیا۔ سول ایوی ایشن حکام کو چاہیے کہ ایسے واقعات کی مکمل تحقیقات کریں تاکہ مستقبل میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔