طورخم سیکٹر میں سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں پاک افواج نے آپریشن “غضب للحق” کے تحت مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف اہم پیش رفت حاصل کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائی میں پاک فوج نے طورخم کے قریب ایک اہم افغان طالبان پوسٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مذکورہ پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی نہایت درست معلومات اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کی گئی، جس میں جدید ہتھیاروں اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد علاقے میں آگ اور دھویں کے بادل دیکھے گئے، جبکہ دشمن کے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:افغان میڈیا تحقیقات میں بھی شواہد نہ مل سکے،ہسپتال پر حملے کا دعوی بے بنیاد
سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک سرحدی علاقوں میں موجود خطرات کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ ذرائع نے واضح کیا کہ پاک فوج اپنے قومی دفاع اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے پرعزم ہے، اور دشمن کے ٹھکانوں، عسکری تنصیبات اور نقل و حرکت کو مسلسل نشانہ بنایا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ طورخم اور ملحقہ سرحدی علاقوں میں نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دراندازی یا خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن “غضب للحق” کا مقصد نہ صرف دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ہے بلکہ سرحدی استحکام کو یقینی بنانا بھی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاک افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ملکی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔