رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق خام تیل کی درآمدات 14 فیصد اضافے کے ساتھ 84 لاکھ 89 ہزار ٹن تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 73 لاکھ 88 ہزار ٹن تھیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مالی سال 2025 کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات 118.7 فیصد اضافے کے ساتھ 492.04 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 224.97 ملین ڈالر تھیں۔
پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 25 کے پہلے 10 ماہ میں خام تیل کی درآمدات میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے مقامی ریفائنریوں نے توقع سے زیادہ پیٹرولیم مصنوعات تیار کیں اور برآمدات میں اضافہ کیا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی مقامی پیداوار اور اس کی برآمدات میں اضافے سے رواں مالی سال میں معاشی نمو کو فروغ ملنے کا امکان ہے۔
اس کے برعکس پیٹرولیم درآمدات کی مالیت 6.29 فیصد کم ہوئی جبکہ مالی سال 2025 کے 10 ماہ کے دوران مقدار میں 7.12 فیصد اضافے کے ساتھ 8.78 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو ایک سال قبل 8.19 ملین ٹن تھا۔
دوسری جانب مالی سال 2025 کے 10 ماہ کے دوران مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمدات میں 10.31 فیصد کمی ہوئی جبکہ مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی درآمدات میں 34.71 فیصد اضافہ ہوا۔
خام تیل کی درآمدات میں اضافہ ملک میں اعلیٰ نقل و حمل اور دیگر معاشی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ مقامی آئل ریفائنریوں کی صلاحیت پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ ہے، جس سے ان کے منافع میں اضافہ ہوا ہے۔ خام تیل کی بڑھتی ہوئی درآمدات نے مقامی ریفائنریوں کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں بھی اضافہ کیا۔
پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق تمام 11 پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.48 فیصد زیادہ رہی۔ مزید تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے اور زراعت میں زیادہ تر استعمال ہونے والے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی مقامی پیداوار میں 9.32 فیصد اضافہ ہوا۔ تاہم اس عرصے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 1.97 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران فرنس آئل کی پیداوار میں ایک سال قبل کے مقابلے میں 2.73 فیصد اضافہ ہوا۔ فرنس آئل کی پیداوار میں یہ ایک بڑی بحالی ہے۔
اس کے نتیجے میں مالی سال 25 کے 10 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات سالانہ بنیادوں پر 106.63 فیصد اضافے کے ساتھ 410.49 ملین ڈالر رہیں۔ تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیٹرولیم خام تیل سمیت تقریباً تمام پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مالی سال 2025 کے 10 ماہ کے دوران پیٹرولیم خام تیل کی برآمدات میں 40 ہزار 552 ٹن کا اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں کوئی برآمدات نہیں کی گئی تھیں۔ اسی طرح مالی سال 2025 کے 10 ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات 103 فیصد اضافے کے ساتھ 8 لاکھ 88 ہزار 737 ٹن رہیں جو گزشتہ سال 4 لاکھ 37 ہزار 687 ٹن تھیں جکبہ پیٹرولیم مصنوعات کی برآمد بھی 105 فیصد اضافے کے ساتھ 82 ہزار 266 ٹن رہی۔