ٹرمپ انتظامیہ کا نیا فیصلہ، غیر ملکی طلباء کے ویزوں سے متعلق سفارتخانوں کو اہم احکامات جاری

ٹرمپ انتظامیہ کا نیا فیصلہ، غیر ملکی طلباء کے ویزوں سے متعلق سفارتخانوں کو اہم احکامات جاری

واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ کا نیا فیصلہ، تمام سفارتخانوں کوغیر ملکی طلبا کو ویزے نہ دینے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فی الحال طلبہ ویزوں کے لیے نئی تقرریوں کا شیڈول نہ بنائیں۔ صدر ٹرمپ کے حکم کے مطابق ان ویزوں کے لیے سوشل میڈیا جانچ کے عمل کو وسعت دینے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے سفارتی مشنوں کو بھیجے گئے ایک میمو میں سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ حکم آئندہ ہدایات تک جاری رہے گا۔ میمو میں بتایا گیا ہے کہ طلبہ اور غیرملکی تبادلہ پروگرام کے ویزوں کے لیے سوشل میڈیا کی جانچ پڑتال کو مزید سخت کیا جائے گا، جس سے دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں پر نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔

یہ اقدام ان حالیہ پالیسیوں کا تسلسل ہے جن کے تحت ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطین نواز طلبہ کے ویزے منسوخ کیے، ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امریکی جامعات میں یہود دشمنی سے نمٹنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز جاری کردہ ہدایت نامے میں امریکی سفارتخانوں کو کہا گیا ہے کہ وہ طلبہ ویزہ کے لیے مستقبل کی غیر منظور شدہ تقرریوں کو اپنے شیڈول سے نکال دیں۔ تاہم وہ درخواست گزار جن کی تقرری پہلے سے طے ہے، ان کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

میمو میں یہ بھی کہا گیا کہ محکمہ خارجہ تمام طلبہ ویزہ درخواستوں کے لیے سوشل میڈیا اسکریننگ اور ویٹنگ کے عمل کو وسیع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند غیرملکی طلبہ کو عام طور پر اپنے وطن میں موجود امریکی سفارتخانے یا قونصل خانے سے ویزہ انٹرویو کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *