بھارتی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے ، جب بی جے پی کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر سبرامنیئن سوامی نے ایک انٹرویو میں حیران کن انکشاف کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمارے پانچ طیارے مار گرائے ہیں، طیارے تو چین کے ہی تھے، چین نے نہیں گرائے بلکہ جو جہاز پاکستان کو دیے گئے وہ بہت اچھے ہیں۔ فرانس کے جہاز اتنے اچھے نہیں تھے اور پاکستان کے انہی جہازوں نے ہمارے پانچ طیارے گرائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رافیل طیارے ہمارے لیے مؤثر ثابت نہیں ہوئے، اور ان کی خریداری میں جو کچھ ہوا، نریندر مودی کے ہوتے ہوئے ہم اس معاملے کی تحقیقات نہیں کر سکتے۔
سبرامنیئن سوامی کے اس بیان نے بھارتی سیاسی اور دفاعی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ ان کے مطابق مودی حکومت میں شفاف تحقیقات کی کوئی امید نہیں، جس سے معاملہ مزید متنازع ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر کی گئی جارحیت کے جواب میں بھارت کے چھ طیارے مار گرائے تھے، جن میں تین جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
عالمی میڈیا رافیل جیسے جدید جنگی طیاروں کی تباہی کو بھارت کے لیے ایک ذلت آمیز شکست قرار دے چکا ہے۔