صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں صدر مملکت نے پاک بنگلا دیش کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کرکٹرز اور دونوں ٹیموں کے آفیشلز کے ساتھ مصافحہ کیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، بنگلا دیش کرکٹ ٹیم بطور سفیر پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، انہوں نے بھی اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جس نے ہمیں علیحدہ ہوتے دیکھا لیکن آج کل کی نسل علیحدگی کے درد کی کیفیت کو نہیں جان سکتی، کسی بھی طرح ہمیں اس درد کا مداوا کرنا ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، بنگالی قوم خطے کی امیر ترین قوموں میں سے تھی، ہمیں دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہوگا، مل کر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے دونوں ملکوں کے عوام خوشحال ہوں۔
ان کاکہنا تھا کہ بنگلہ دیش دنیا میں ایک کامیاب ملک کے طور پر جانا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی طرح ڈھاکہ کو بھی وسائل سے نوازا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ملکوں کی نوجوان نسل کو باہمی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے، کھیل باہمی رابطوں کا اہم ذریعہ ہیں۔
اس ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے۔