ہم نے بھارت کو ایک ہفتے کی جنگ میں سبق سکھا دیا، آصف زرداری

ہم نے بھارت کو ایک ہفتے کی جنگ میں سبق سکھا دیا، آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے تمام اداروں اور عوام کو مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ پاکستان کی ترقی اور بقا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مورو میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کیے اور تمام اقدامات 1973 کے آئین کے دائرے میں رہ کر انجام دیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے اسٹیبلشمنٹ اور جمہوری قوتوں کو ایک ساتھ چلنا ہوگا تاکہ پاکستان مزید مضبوط ہو سکے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے ملک اور جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اس لیے قومی اتحاد اور استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ہفتے کی جنگ میں بھارت کو مؤثر جواب دیا۔ صدر مملکت کے مطابق پاکستان نے صرف ان بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا جنہوں نے پاکستانی حدود میں کارروائی کی، جبکہ متعدد بھارتی طیارے پاکستانی ریڈار پر ہونے کے باوجود نشانہ نہیں بنائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں :صدر آصف علی زرداری کی طرف سے پیٹرولیم کی قیمتوں سے متعلق خصوصی ہدایات جاری

صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر خوراک کی ضروریات پوری کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بعض ممالک معاشی مسائل کے ساتھ ساتھ خوراک کی کمی کے باعث بھی مشکلات کا شکار ہوئے، اس لیے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے گوادر پورٹ کو ملک کی ترقی کے لیے اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ بلوچستان کی ترقی اور استحکام کے لیے بھی مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر اور مستحکم پاکستان مل سکے۔

editor

Related Articles