دی گارڈین نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ گرم جوشی سے پیش آنا اور بھارت کے مطالبات کو نظر انداز کرنا نئی دہلی میں تشویش کا باعث بن رہا ہے۔
خاص طور پر ایسے موقع پرجب بھارت اور امریکا کے درمیان حساس تجارتی مذاکرات جاری ہیں۔ ٹرمپ نے مودی کو شاندار انسان قرار دیا مگر ساتھ ہی انہوں نے عاصم منیر کو انتہائی بااثر شخصیت قرار دیا جنہوں نے اس جنگ کو رکوانے میں کردار ادا کیا۔
گارڈین کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ مجھے پاکستان سے محبت ہے اور میں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کو روکا۔ اخبار کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو واشنگٹن میں ملنے والا ریڈ کارپٹ استقبال اور امریکی سینٹرل کمان کی طرف سے ملنے والی تعریفیں ایک ممکنہ اسٹریٹجک تبدیلی کی علامت سمجھی جا رہی ہیں۔
عاصم منیر کا پانچ روزہ دورہ امریکہ نہایت اہمیت کا حامل رہا ، جس میں پینٹاگون، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور سینٹرل کمانڈ کے ہیڈکوارٹرز (فلوریڈا) میں اہم ملاقاتیں شامل ہیں۔