یرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا اور دیگر فریقین کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، بد نیتی کا مظاہرہ ہوا یا غیر ضروری مطالبات سامنے آئے تو ایران بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دینے سے گریز نہیں کرے گا۔
محمد باقر قالیباف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر نے انہیں معاہدے کی تمام شقوں اور شرائط پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران معاہدوں کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے تاہم کسی بھی فریق کو یکطرفہ اقدامات یا دباؤ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خبردار کیا کہ اگر مخالف فریق کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی، بدنیتی یا حد سے بڑھے ہوئے مطالبات سامنے آئے تو ایران دشمن کو سخت اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں بھی ایران کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی لیکن ایران نے ہر موقع پر اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی فریق دوبارہ اسی راستے پر چلنے کی کوشش کرے گا تو اسے پہلے سے بھی زیادہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔