یوم عاشورہ،جلوس اور مجالس کا انعقاد ،سخت سیکورٹی،بعض علاقوں میں موبائل سروس جزوی معطل ہوگی

یوم عاشورہ،جلوس اور مجالس کا انعقاد ،سخت سیکورٹی،بعض علاقوں میں موبائل سروس جزوی معطل ہوگی

نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں آج یومِ عاشورہ پورے ملک میں نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس دن کی تاریخی و روحانی حیثیت مسلم ہے اور عالمِ اسلام کے مسلمان حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں، قصبوں میں مجالسِ عزا، تعزیتی اجتماعات اور ماتمی جلوسوں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں امام عالی مقامؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی کربلا میں دی گئی بے مثال قربانیوں کو یاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر خصوصی مذہبی محافل اور مجالس بھی منعقد ہوں گی جہاں جید علمائے کرام امام حسینؓ کے پیغامِ حریت، استقامت اور ان کی قربانیوں کی معنویت پر روشنی ڈالیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں :عاشورہ کے جلوس اور مجالس کی سیکیوریٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

یومِ عاشورہ کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں،پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام حساس مقامات پر تعینات ہیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

جلوسوں کے روٹس پر چیکنگ کے لیے خصوصی ناکے اور سیکورٹی چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، تمام حفاظتی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

امن و امان کی صورتِ حال کو بہتر رکھنے کے لیے بعض شہروں میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کی گئی ہے، یہ اقدام کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں :پشاور، عاشورہ پر موبائل سگنلز بند رکھنے کا فیصلہ

مزید برآں عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد علاقوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، تاکہ جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے دوران کسی قسم کی بدنظمی یا تصادم سے بچا جا سکے۔

یومِ عاشورہ کا دن امتِ مسلمہ کے لیے صبر، استقامت اور حق کے لیے قربانی دینے کے درس کا دن ہے، حضرت امام حسینؓ نے کربلا میں اپنے اہلِ بیت اور جاں نثار رفقاء کے ہمراہ حق و صداقت کی خاطر جانیں قربان کر کے تاریخِ انسانیت میں ایک لازوال مثال قائم کی ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *