کربلا کا واقعہ ایک روشن چراغ کی طرح ہے، جو ہر دور کے اندھیروں میں حق کا راستہ دکھاتا ہے،صدر، وزیر اعظم کا پیغام

کربلا کا واقعہ ایک روشن چراغ کی طرح ہے، جو ہر دور کے اندھیروں میں حق کا راستہ دکھاتا ہے،صدر، وزیر اعظم کا پیغام

صدرِ مملکت نے یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے ظلم کے خلاف ڈٹ کر حق کا علم بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت ہمیں سچائی، وفاداری اور ایثار کا ایسا درس دیتی ہے جو زمان و مکان کی قید سے آزاد ہو کر آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
صدر مملکت نے کربلا کے واقعے کو ایک ایسا درخشاں مینار قرار دیا جو ہر دور میں اندھیروں کو چیر کر حق کا راستہ دکھاتا ہے، ان کے مطابق امام حسینؓ کا پیغام نہ صرف تاریخ کا حصہ ہے بلکہ آج بھی دلوں کو بیدار کرنے والا درس فراہم کرتا ہے کہ باطل کے آگے سر جھکانے کے بجائے اصولوں پر ثابت قدم رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔

صدر نے موجودہ قومی حالات کے تناظر میں کہا کہ ہمیں امام حسینؓ کی قربانی سے سبق لیتے ہوئے عدل، آزادی اور بھائی چارے کی اقدار کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ملک میں باہمی ہم آہنگی، استحکام اور ترقی کی فضا قائم ہو ۔

 یہ خبر بھی پڑھیں :یوم عاشورہ،جلوس اور مجالس کا انعقاد ،سخت سیکورٹی،بعض علاقوں میں موبائل سروس جزوی معطل ہوگی

دریں اثناءوزیرِ اعظم نے یوم عاشورہ کو اسلامی تاریخ کا ایک اہم اور سبق آموز دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دس محرم الحرام کو کربلا کے میدان میں برپا ہونے والا معرکہ محض ایک جنگ نہیں تھا بلکہ یہ حق، عدل اور انسانیت کے لیے ایک دائمی درس بن کر اُبھرا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے عظیم ساتھیوں نے دینِ حق، سچائی اور انصاف کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ظلم کے سامنے سرِ تسلیم خم نہیں کیا۔وزیرِ اعظم کے مطابق امام حسینؓ کی شہادت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ دینِ اسلام کا اصل پیغام انسانی عظمت، عدل و رحم، اصول پسندی اور آزادی پر قائم ہے۔

کربلا کا سبق یہ ہے کہ حق کا راستہ اگرچہ کٹھن ہوتا ہے، لیکن اسی راہ میں اللہ کی رضا اور دائمی کامیابی پوشیدہ ہے۔انہوں نے موجودہ ملکی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ہمیں امام حسینؓ کی سیرت اور کردار سے رہنمائی لینا ہوگی۔

Related Articles