بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کا ایک جگوار لڑاکا طیارہ بدھ کو ریاست راجستھان کے ضلع چورو میں گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران دوسرا فضائی حادثہ ہے، جس نے بھارتی فضائیہ کی حفاظت اور دیکھ بھال سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ معمول کے آپریشن کے دوران گر کر تباہ ہوا، تاہم پائلٹ کی حالت کے بارے میں ابھی کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
یہ حادثہ اس حادثے کے بعد پیش آیا ہے جب مارچ میں بھی ہریانہ کے پنچکولہ ضلع میں جگوار آئی ایس ماڈل کا طیارہ کریش ہوا تھا، جس میں پائلٹ بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
حادثہ چورو، راجستھان میں پیش آیا، پائلٹ کی حالت اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں تاحال کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ جگوار طیارہ بھارتی فضائیہ کا ایک اہم زمینی حملہ آور طیارہ ہے جو کئی دہائیوں سے سروس میں ہے۔
مارچ میں ایسا ہی ایک حادثہ پیش آیا، جس میں طیارہ گر کر تباہ ہو ا، اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی جا رہی ہے۔
3 ماہ کے قلیل عرصے میں 2 طیاروں کا تباہ ہونا، بھارتی فضائیہ کے جنگی بیڑے کی موجودہ حالت پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان واقعات کے بعد ممکنہ طور پر پالیسی میں تبدیلی اور بیڑے کی از سر نو جانچ کی جائے گی۔ حادثے سے متعلق مزید معلومات اور پائلٹ کی حالت کے بارے میں سرکاری بیان جلد متوقع ہے۔