یو اے ای نے بھارتیوں کو گولڈن ویزا دینے کی جھوٹی خبروں کی تردید کر دی

یو اے ای نے بھارتیوں کو گولڈن ویزا دینے کی جھوٹی خبروں کی تردید کر دی

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے ان خبروں کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مخصوص قومیتوں کو ایک لاکھ درہم کے عوض عمر بھر کے لیے گولڈن ویزا جاری کیا جا رہا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق، ایسی تمام رپورٹس بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (ICP) نے بھی ان خبروں کو جھوٹا اور غیر قانونی دعویٰ قرار دیا ہے۔

حالیہ دنوں بھارتی میڈیا اداروں، جن میں پریس ٹرسٹ آف انڈیا، دی ہندو، اور ٹائمز آف انڈیا شامل ہیں ،نے رپورٹ کیا تھا کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے شہری ایک نئی اسکیم کے تحت تاحیات گولڈن ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

تاہم، یو اے ای حکومت نے وضاحت کی ہے کہ گولڈن ویزا صرف مخصوص زمروں کے افراد کے لیے مختص ہے، جن میں سرمایہ کار، کاروباری افراد، سائنسدان، ممتاز طلبا اور انسانیت کے علمبردار شامل ہیں، اور تمام درخواستیں صرف سرکاری چینلز کے ذریعے ہی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی صحافی کا پاکستان پر ممکنہ حملے کا دعویٰ: بھارتی میڈیا نے نئی جارحیت کا جواز تراشنا شروع کر دیا

آئی سی پی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر مجاز مشاورتی دفاتر یا ویب سائٹس سے بچیں جو جھوٹے دعوے کر کے لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں، اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

درخواست گزاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ ادارے کو فیس یا ذاتی معلومات فراہم نہ کریں اور صرف یو اے ای کے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *